قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا فلسطینیوں کے حوالے سے اہم پیغام تحریری صورت میں 12 اکتوبر 2023


قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا فلسطینیوں کے حوالے سے اہم پیغام

12 اکتوبر 2023

بسم اللہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم 

برادران وطن، میرے بزرگو، میرے دوستو، میرے بھائیو! اس وقت سرزمین فلسطین پر جو آگ بھڑک اٹھی ہے اور فلسطینی بچے، خواتین، بوڑھے، عام شہری ان پر بمباری کی جا رہی ہے، ان کے مکانات منہدم کیے جارہے ہیں، ان کے پانی پینے کے ذخائر پر بمباری کی جا رہی ہے، ان کے ہسپتالوں پہ بمباری کی جا رہی ہے کہ جہاں کوئی زخمی کا علاج نہ کر سکے، ان مظالم کے ہوتے ہوئے دنیا کے ہر مسلمان کا یہ فرض بنتا ہے کہ وہ ان حالات میں اپنی مظلوم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہو جائیں اور مضبوطی کے ساتھ ان کے موقف کو تقویت دیں۔ اس حوالے سے میں صرف مسلم امہ کو آواز نہیں دے رہا ہوں، میں مسلم امہ کے حکمرانوں کو بھی آواز دے رہا ہوں کہ اپنے موقف سے ابہام نکال لیں اور پوری صراحت کے ساتھ اور پوری وضاحت کے ساتھ اس بات کو واضح کر دیں کہ وہ اپنے فلسطینی بھائیوں کے ساتھ کھڑے ہیں، ان کے موقف کے ساتھ کھڑے ہیں، اور ان حالات میں جہاں ان کو ضرورت ہے، کھانے پینے کے اشیاء کی، جہاں ان کو ضرورت ہے ادویات کی، جہاں ان کو ضرورت ہے پناہ دینے کی، کوئی مکان مہیا کرنے کی، سر چھپانے کے لیے سایہ مہیا کرنے کی، اس میں وہ اپنے تمام وسائل بروئے کار لائیں میں ان سب سے اپیل کرتا ہوں۔
 میرے محترم دوستو! اس تمام حقائق کے ساتھ کہ اسرائیل ایک وحشی اور درندے کا کردار ادا کر رہا ہے، اس نے 75 سال سے عربوں کی سرزمین پر قبضہ کیا ہوا ہے اور عرب دنیا اور فلسطینی اپنی سرزمین کی آزادی کی جنگ لڑ رہے ہیں، یہ ایک جائز جنگ ہے لیکن جس طرح انسانی حقوق پامال کیے جا رہے ہیں، مجھے حیرت ہے کہ امریکہ ہو یا یورپ، جو انسانی حقوق کا واویلا کرتے رہتے ہیں اور اس کے تحفظ کا اپنے آپ کو بڑا ذمہ دار سمجھتے ہیں، آج وہ انسانی حقوق کو قتل ہوتے ہوئے تماشہ دیکھ رہے ہیں، اور انسانی حقوق کے قاتل کو سپورٹ دے رہے ہیں، ان کو مزید اب انسانی حق کی بات نہیں کرنی چاہیے! انسان کا خون آج ان کے ہاتھوں سے ٹپک رہا ہے، انہیں کسی قیمت پر انسانی حق کے لیے انسانوں کی قیادت کرنے کا اب حق حاصل نہیں ہے۔ میں اس حوالے سے پاکستان کی قوم سے اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ کل بروز جمعہ (13 اکتوبر 2023) جو ہم نے اپیل کی ہے پہلے سے کہ بعد نماز جمعہ پورے ملک میں، تمام ضلعی ہیڈ کوارٹر پر مظاہرے کیے جائیں گے اور اب میں اس کو نام دینا چاہتا ہوں "یوم طوفان اقصی"۔ جمعہ کے روز طوفان اقصی منانا ہوگا، سب لوگ میدانوں میں نکلے، سڑکوں پہ آئے اور اپنے فلسطینی بھائیوں کو آواز دیں کہ ہم جہاں تک آپ کو سپورٹ کر سکتے ہیں اس پہ کوئی کمی نہیں دکھائیں گے، اور اس سے آگے اگر مسلمانوں کو اجازت ملتی ہے تو اسلامی دنیا کا نوجوان آج فلسطین میں محاذ پر بھی لڑنے کے لیے تیار ہیں۔
 اس حوالے سے میں یہ بھی کہہ دینا چاہتا ہوں کہ 14 اکتوبر کو پشاور میں مفتی محمود کانفرنس ہو رہی ہے، مفکر اسلام قائد امت اسلامیہ حضرت مفتی محمود رحمہ اللہ کی مجاہدانہ زندگی کو یاد کرنے کے لیے ہر سال ملک کے کسی حصے میں یہ اجتماع مقرر کیا جاتا ہے، اور جس میں عوام کی ایک بے پناہ تعداد ہمیشہ شریک ہوتی رہتی ہے، اس بار 14 اکتوبر کو یہ جلسہ پشاور میں منعقد ہو رہا ہے، اس حوالے سے بھی میں واضح اعلان کرتا ہوں کہ یہ اب صرف مفتی محمود کانفرنس نہیں ہوگی بلکہ یہ فلسطینیوں کے حق میں ایک بہت بڑا قومی مظاہرے کا شکل اختیار کر جائے گا، اور ان شاءاللہ ہم اس میں فلسطین کے اور فلسطینی مجاہدین کے اور حماس کے ساتھ اپنی بھرپور یکجہتی کا اظہار کریں گے، اس حوالے سے بھی قوم اپنی ذمہ داری سمجھے، اس کو اپنا فرض سمجھیں اور اس پہ شرکت کو یقینی بنائیں تاکہ ایک مضبوط اور طاقتور پیغام پاکستان کی سرزمین سے دنیا بھر کو چلا جائے۔ پاکستان کے حکمرانوں کو بھی، اسلامی دنیا کے حکمرانوں کو بھی اور فلسطین کے دشمنوں کو بھی، مغربی دنیا کو بھی چلا جائے کہ پوری امت مسلمہ آج ایک قوم، ایک طاقت، ایک جسم بنی ہوئی ہے اور اپنے فلسطین بھائیوں کے ساتھ کھڑی ہے۔ تو میں یہ بھی اپیل کرنا چاہتا ہوں کہ 14 اکتوبر کو مفتی محمود کانفرنس میں فلسطین کے ساتھ یکجہتی کا جذبہ لے کر آپ لوگ تشریف لائے اور اس میں شرکت کریں۔
واٰخر دعوانا ان الحمدللہ رب العالمین

ضبط تحریر: #محمدریاض 
ممبر ٹیم جے یو آئی سوات
#TeamJuiSwat 

0/Post a Comment/Comments