قائد جمعیت حضرت مولانا فضل الرحمٰن صاحب کا فلسطینیوں کے حوالے سے اہم پیغام
8 اکتوبر 2023
بسم اللہ الرحمٰن الرحیم نحمدہ ونصلی علی رسولہ الکریم
جمیعت علمائے اسلام نے ہمیشہ فلسطین اور فلسطینیوں کے موقف کو صحیح سمجھا ہے، اور تسلسل کے ساتھ فلسطینیوں کے موقف کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑی رہی ہے۔ آج بھی ہم اس بات کا اعادہ کرنا چاہتے ہیں کہ ہم فلسطینی بھائیوں کے ساتھ ہیں، ان کے شانہ بشانہ ہیں۔ ایک روز قبل فلسطینی مجاہدین نے اسرائیل پر جو حملہ کیا ہے، یہ حملہ بہت تاریخی کامیابی ہے، میں اس کو ایک تاریخی معرکہ سے تعبیر کرتا ہوں، جن علاقوں پر انہوں نے قبضہ کیا ہے، یہ ان کے اپنے علاقے ہیں اور اپنے علاقے انہوں نے واپس لیے ہیں۔ اس حوالے سے میں فلسطین کی عوام کو اور فلسطین کے مجاہدین کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ دنیا نے یہ سمجھ رکھا تھا کہ فلسطین اور فلسطین کا مسئلہ اور فلسطینیوں کا موقف وہ ابدی نیند سو چکا ہے۔ اب فلسطین کا موضوع دوبارہ نہیں اٹھ سکے گا اور ناعاقبت اندیشوں نے دنیا میں یہ بات پھیلائی اور ہمارے ہاں ایک طبقہ اور ایک عنصر پیدا ہوا جس نے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے موضوع کو ترجیح دلائی، اس کی اہمیت سے لوگوں کو متاثر کرنے کی ناکام کوشش کی، میں سمجھتا ہوں کہ آج اس معرکے نے فلسطین کے مسئلے کو زندہ ہی نہیں کیا ثابت کیا ہے کہ فلسطین کا مسئلہ مرا نہیں اور آج اس کی اہمیت آسمانوں کو چھو رہی ہے۔ اس حملے میں اسرائیل کے پورے دفاعی نظام کو ناکام بنا دیا گیا ہے، ان کے گھمنڈ کو زمین بوس کر دیا گیا ہے۔ ان کی انٹیلیجنس کو ناکام بنا دیا ہے۔ یہ حقیقت تسلیم کر لینی چاہیے دنیا کو کہ اسرائیل کوئی قوت نہیں، اسے بڑا چڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے اور اس قوت کو جس انداز سے بڑھا کر پیش کیا جا رہا ہے، یہ انصاف کے تقاضے پورے نہیں کر رہا ہے۔ میں ساتھ ہی یہ بات بھی اپنے فلسطینی بھائیوں سے اور مجاہدین سے کہوں گا کہ وہ انسانی حقوق کا احترام کریں، اسے تحفظ دیں، اس کا لحاظ رکھیں، بچوں، عورتوں اور عام شہریوں کو گزند نہ پہنچائیں، ان کی زندگیاں تلف نہ کریں اور دنیا کو بتائیں کہ اسرائیل اور صہیونی جنہوں نے فلسطینیوں کی نسل کشی کی، ان کے بچوں کو قتل کیا، ماؤں کے سامنے قتل کیا، والدین کے سامنے قتل کیا، اور کوئی احترام آدمیت انہوں نے نہیں دکھائی، آج ہمیں اس کے بدلے میں یہ ثابت کرنا چاہیے کہ اسلام اور مسلمان کس طرح انسانی حقوق کا تحفظ کرتا ہے، اس حوالے سے ہم ضرور فلسطینیوں سے یہ اپیل کریں گے کہ وہ انسانی حقوق کے تحفظ میں بھرپور کردار ادا کرے۔ میں یہ بھی کہنا چاہتا ہوں کہ اقوام متحدہ بھی اپنا فرض پورا کریں۔ 1967 کی قراردادوں پر عمل درآمد کرائے۔ بیت المقدس کو مسلمانوں کے حوالے کرے اور اس کو فلسطین کا دارالخلافہ تسلیم کریں۔ ہم اس حوالے سے جو بھی اپنا موقف رکھتے ہیں، اس حوالے سے ہم ایک او آئی سی کا بھرپور اور فوری اجلاس بلانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ اس میں ہمارے دوست ملک انتہائی قابل احترام سرزمین سعودی عرب سے بھی بھرپور کردار ادا کرنے کی ہم توقع رکھتے ہیں، وہ فوری طور پر او آئی سی کا اجلاس بلائے۔ پاکستان، پاکستان کی گورنمنٹ وہ فوری طور پر اس حوالے سے کردار ادا کرے تاکہ اس اسلامی دنیا بیٹھ کر ان نئے معروضی صورتحال کو سامنے رکھتے ہوئے ایک نئے زاویہ نظر کے ساتھ اپنے موقف کا تعین کریں۔ اور مشرقی وسطیٰ میں امن کی قیام کو یقینی بنانے کے لیے منصوبہ بندی کریں۔ یہ بات ثابت ہو چکی ہے کہ جب تک فلسطین کو تسلیم نہیں کیا جاتا، فلسطینیوں کو اس کی سرزمین نہیں دی جاتی، کبھی بھی مشرقی وسطیٰ میں امن نہیں آسکتا۔ اس حقیقت کو تسلیم کر لینا چاہیے اور اسی بنیاد پر ہم یہ سمجھتے ہیں کہ ہمیں اپنے رویوں پہ نظر رکھنی چاہیے، عرب دنیا کو بھی، پوری اسلامی دنیا کو بھی، اور میں یہ بھی اعلان کرتا ہوں کہ اگلے جمعہ ان شاءاللہ العزیز پورے ملک میں فلسطینیوں کے ساتھ یکجہتی کا دن منایا جائے گا اور تمام ملک کے ضلعی ہیڈ کوارٹرز میں مظاہرے کیے جائیں گے، ان کے حق میں اور ان کی تائید میں، ضلعی ہیڈ کوارٹر سے اگر کوئی تحصیل اتنی دور ہو کہ وہاں ان کے لیے پہنچنے میں دقت ہو تو وہاں پر تحصیل ہیڈ کوارٹرز میں بھی مظاہرے کیے جا سکیں گے۔ پورے ملک کے عوام، پاکستانی قوم اس حوالے سے میدان میں آئے اور اسلامی وحدت کا ثبوت پیش کریں کہ اسلام ایک دین ہے اور مسلمان ایک جسم ہے اور جسم کے کسی حصے میں بھی اگر کوئی تکلیف ہے تو اس کا احساس پوری دنیا کا مسلمان کر رہا ہے۔ پاکستانی قوم اس حوالے سے ان شاءاللہ اپنا کردار ادا کرے گی، اپنی رائے دے گی، یکجہتی کا مظاہرہ کرے گی اور جمعے کو جمعہ کی نماز کے بعد پورے ملک میں ان شاءاللہ العزیز اس حوالے سے یکجہتی کا دن بنایا جائے گا، بھرپور مظاہریں کیے جائیں گے۔ میں اس حوالے سے پوری قوم سے اپیل کرتا ہوں کہ یکجہتی کی اس دن کو بھرپور طور پر کامیاب بنائے بہت بہت شکریہ
واٰخر دعوانا ان الحمدللہ رب العالمین
ضبط تحریر: #محمدریاض
ممبر ٹیم جے یو آئی سوات
#TeamJuiSwat
ایک تبصرہ شائع کریں