حق کی آواز، باطل کے ایوانوں میں لرزش۔ محمد اسامہ پسروری

حق کی آواز، باطل کے ایوانوں میں لرزش

 ✍🏻محمد اسامہ پسروری

پاکستان کی سیاست میں وہی جماعتیں کامیاب رہیں، جو اپنے اصولوں پر قائم اور دین و ملت کی خدمت کے جذبے سے سر شار تھیں۔ مگر افسوس، آج سیاسی منظرنامہ ایسے مفاد پرست عناصر سے بھرا ہوا ہے، جن کا مقصد صرف اقتدار کا حصول ہے۔ ایسے میں جمعیت علمائے اسلام ان تمام جماعتوں کے لیے ایک چیلنج اور امت مسلمہ کے لیے امید کی کرن بن کر کھڑی ہے۔

یہ حقیقت کسی سے ڈھکی چھپی نہیں کہ بہت سی سیاسی جماعتیں اپنے مفاد کی خاطر قوم کے مستقبل سے کھیل رہی ہیں۔ کبھی لبرلزم کے نام پر مغربی ایجنڈے کو فروغ دیا جاتا ہے، تو کبھی *"انقلاب"* کا ڈھونگ رچا کر عوام کو دھوکہ دیا جاتا ہے۔ ایک طرف وہ جماعتیں ہیں جو دینی شعائر کو نظر انداز کرکے ترقی کے جھوٹے دعوے کرتی ہیں، اور دوسری طرف وہ نام نہاد قیادتیں ہیں جن کا ہر قدم قوم کو مزید تقسیم کرنے کی کوشش کرتا ہے۔ یہ لوگ سیاسی بازار میں عوام کے اعتماد کا سودا کرتے ہیں، اپنی کرسی کے لیے نظریات بیچ دیتے ہیں، اور پھر ملک کی تباہی کا ذمہ دار کسی اور کو ٹھہراتے ہیں۔

 ایسے میں جمعیۃ علماء اسلام وہ واحد جماعت ہے جس نے نہ صرف اپنے دین اور نظریے کی حفاظت کی، بلکہ ہر سازش کے خلاف ڈٹ کر کھڑی رہی۔ یہ جماعت قرآن و سنت کے اصولوں کو سیاست میں عملی جامہ پہناتی ہے، بغیر کسی دباؤ کے حق بات کہنے کا حوصلہ رکھتی ہے، اور ہمیشہ اسلام اور پاکستان کے دشمنوں کے خلاف صف آرا رہتی ہے۔

 وہ لوگ جو دین کے نام پر سیاست کرنے کا دعویٰ کرتے ہیں، کیا ان میں جمعیۃ علماء اسلام جیسا استقلال ہے؟ کیا وہ اپنے اصولوں کے لیے وقت کے فرعونوں سے ٹکرا سکتے ہیں؟ نہیں! کیونکہ ان کا مقصد دین کی خدمت نہیں، بلکہ اپنے ذاتی مفادات کا تحفظ ہے۔

جمعیۃ علماء اسلام نے نہ کبھی جھوٹے نعروں کا سہارا لیا، نہ عوام کو دھوکہ دیا، اور نہ ہی اسلام کے دشمنوں کے ساتھ سمجھوتہ کیا۔ یہ جماعت حق کی آواز ہے، جس کی قیادت ہر موقع پر امت کے لیے ڈھال بن کر کھڑی ہوئی ہے۔

پاکستان کی سیاست میں اگر کوئی جماعت واقعی امت کی نمائندگی کرتی ہے، تو وہ جمعیۃ علماء اسلام ہے۔ باقی سب محض اقتدار کے بھوکے اور نظریات کے غدار ہیں۔ وقت آگیا ہے کہ قوم ان دھوکہ بازوں کو پہچانے اور جمعیۃ علماء اسلام کے سائے تلے متحد ہو کر اپنی اصل منزل کی طرف گامزن ہو!


0/Post a Comment/Comments