13 اپریل کو جےیوآئی کے تحت کراچی میں "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" وطن عزیز کے ممتاز علماء کرام کی بھرپور حمایت، عوام سے شرکت کی پرزور اپیل
کراچی (پ ر) ملک کے ممتاز اور جید علماء کرام بشمول وفاق المدارس العربیہ پاکستان کے صدر شیخ الاسلام حضرت مولانا مفتی محمد تقی عثمانی، جامعہ صدیقہ کراچی کے بانی مولانا ڈاکٹر منظور احمد مینگل، جامعہ بنوریہ کے مہتمم مفتی نعمان نعیم ، جامعہ احسن العلوم کے مہتمم مولانا انور شاہ ، جامعہ صفہ کے نائب مہتمم مفتی محمد زبیر نے جمعیۃ علماء اسلام کے تحت 13 اپریل 2025 بروز اتوار کو کراچی میں ہونے والے عظیم الشان "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کی مکمل حمایت کا اعلان کردیا ہے۔
جےیوآئی سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو ، صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان اور ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی کے مطابق علماء کرام نے اہلیان کراچی سے پرزور اپیل کی ہے کہ وہ اس عظیم الشان مارچ میں بھرپور انداز میں شرکت کریں تاکہ فلسطین کے مظلوم مسلمانوں کے ساتھ یکجہتی کا عملی مظاہرہ کیا جا سکے۔ یہ ملین مارچ دراصل عوامی ریفرنڈم ہوگا جو دنیا کو یہ واضح پیغام دے گا کہ پاکستانی عوام قبلہ اول کے تحفظ اور فلسطینیوں کی آزادی کے لیے یک زبان اور متحد ہیں۔
مولانا فضل الرحمان کی قیادت میں منعقد ہونے والا یہ مارچ اسرائیلی مظالم، غزہ میں جاری نسل کشی، اور قبلہ اول پر صیہونی قبضے کے خلاف ایک تاریخی موقع ثابت ہوگا۔
جید علماء کرام کا کہنا تھا کہ یہ وقت محض بیانات کا نہیں بلکہ عملی اقدام کا ہے۔ ہر فرد کو چاہیے کہ وہ اسرائیلی مصنوعات کا مکمل بائیکاٹ کرے اور اپنے مال و دولت کو مظلوموں کے قتل میں استعمال ہونے سے بچائے۔"
انہوں نے کہا کہ اسرائیل کے خلاف آواز بلند کرنا صرف فلسطینیوں کی حمایت نہیں بلکہ ایک دینی، انسانی اور قومی فریضہ ہے۔
کراچی کے جید علماء کرام نے میڈیا، سول سوسائٹی، طلبہ تنظیموں، تاجروں، وکلاء اور تمام طبقات زندگی سے تعلق رکھنے والے افراد سے بھی اپیل کی کہ وہ ظلم کے خلاف اس تاریخی مارچ کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔
ان کا کہنا تھا کہ "قبلہ اول ہم سب کا ہے، اور مظلوم فلسطینی ہم سب کے بھائی ہیں، ان کا دفاع ہمارا فرض ہے۔ 13 اپریل کو باہر نکلیں، ظلم کے خلاف کھڑے ہوں، اور تاریخ رقم کریں!"
جاری کردہ: مولانا سمیع الحق سواتی
ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات جےیوآئی سندھ
بتاریخ 2025-04-09
ایک تبصرہ شائع کریں