13 اپریل کے اسرائیل مردہ باد ملین مارچ کی سیکیورٹی اور انتظامات کے سلسلے میں جمعیت علماء اسلام کے وفد کی ڈی آئی جی ایسٹ سے اہم ملاقات
کراچی (پ ر) 13 اپریل 2025 بروز اتوار شاہراہ قائدین پر منعقد ہونے والے "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات کے حوالے سے جمعیت علماء اسلام کے اعلیٰ سطحی وفد نے ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی سے ملاقات کی۔ اس اہم اجلاس میں ایس ایس پی ایسٹ، ایس ایس پی کورنگی ،ایس ایس پی سینٹرل اور ایس ایس پی ٹریفک بھی شریک تھے۔
جے یو آئی کے وفد میں صوبائی نائب امیر قاری محمد عثمان، نگران ملین مارچ کمیٹی مولانا سید حماد اللّٰہ شاہ، صوبائی ناظم مالیات مولانا محمد غیاث، صوبائی ڈپٹی سیکریٹری اطلاعات مولانا سمیع الحق سواتی، جےیوآئی شرقی کے نائب امیر مولانا عبدالقاد، ڈپٹی جنرل سیکریٹری جنرل جمال خان کاکڑ، قاری گل محمد علیزئی، میرحسن شاہوانی، مولانا ظاہر شاہ اور دیگر شامل تھے۔
تفصیلی ملاقات میں "اسرائیل مردہ باد ملین مارچ" کی تیاریوں، سیکیورٹی، ٹریفک پلان اور قافلوں کی آمد و رفت کے مختلف پہلوؤں پر غور و خوض کیا گیا۔ جے یو آئی کی جانب سے قاری محمد عثمان نے واضح کیا کہ ملین مارچ ہر صورت شاہراہ قائدین پر ہی منعقد ہوگا، جس میں جمعیت علماء اسلام کے سربراہ مولانا فضل الرحمن خصوصی خطاب کریں گے، جبکہ فلسطینی نمائندے بھی شرکت کریں گے۔
انہوں نے زور دیتے ہوئے کہا کہ موجودہ ملکی و عالمی صورتحال کے تناظر میں فول پروف سیکیورٹی فراہم کرنا پولیس اور انتظامیہ کی بنیادی ذمہ داری ہے۔ اس حوالے سے ایڈیشنل آئی جی کراچی سے مشاورت کے بعد یہ اجلاس حتمی نوعیت کا ہے۔
اجلاس میں طے پایا کہ مارچ کے روز متبادل ٹریفک پلان اور سیکیورٹی اقدامات کے سلسلے میں جے یو آئی پولیس سے مکمل تعاون کرے گی۔ اس ضمن میں مختلف اضلاع کے مقرر کردہ ذمہ داران ایس ایس پیز کے ساتھ قریبی رابطے میں رہیں گے۔ ان میں ضلع ملیر سے مولانا احسان اللّٰہ ٹکروی، کورنگی سے مفتی عبد الحق عثمانی، شرقی سے فاروق سید، غربی سے مفتی محمد خالد، وسطی سے مولانا عبد الرشید نعمانی، جنوبی سے مولانا نور الحق، اور کیماڑی سے سید اکبر شاہ ہاشمی شامل ہیں۔
ڈی آئی جی ایسٹ عثمان غنی نے اس موقع پر یقین دہانی کرائی کہ پولیس اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داریوں کے تحت ہر ممکن تعاون کرے گی۔ انہوں نے تمام ایس ایس پیز کو ہدایت دی کہ وہ جے یو آئی کے مقرر کردہ ذمہ داران کے ساتھ مل کر مارچ کے انتظامات اور سیکیورٹی پلان کو حتمی شکل دیں، اور کسی قسم کی غفلت کو برداشت نہ کیا جائے۔
یہ اجلاس مارچ کی کامیاب، پرامن اور منظم انعقاد کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہوگا۔
جاری کردہ : میڈیا سیل جے یوآئی سندھ
بتاریخ 2025-04-10
![]() |
ایک تبصرہ شائع کریں