دریائے سندھ پر کینال منصوبے کی واپسی سندھ کے عوام کی کامیابی ہے، علامہ راشد محمود سومرو

دریائے سندھ پر کینال منصوبے کی واپسی سندھ کے عوام کی کامیابی ہے، علامہ راشد محمود سومرو

کراچی / گھوٹکی (پ ر) جمعیت علماء اسلام مشکور گڈانی، ضلع گھوٹکی کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان عوامی جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے جمعیت علماء اسلام سندھ کے صوبائی سیکریٹری جنرل علامہ راشد محمود سومرو نے کہا ہے کہ دریائے سندھ پر کینالوں کے فیصلے کو واپس کروانے پر سندھ کے عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ کامیابی سندھ کی یکجہتی اور جے یو آئی کی جدوجہد کا نتیجہ ہے۔

انہوں نے کہا کہ ملک کی سلامتی اور سرحدات کی حفاظت کے لیے جمعیت علماء اسلام ہر محاذ پر حاضر ہے۔ ہم مولانا فضل الرحمن کے حکم پر جانوں کے نذرانے دینے کے لیے تیار ہیں۔ بھارتی جارحیت کا ایک ایک کارکن بھرپور جواب دے گا۔

اسرائیل کی جانب سے فلسطینیوں پر ظلم اور قتل عام کی شدید مذمت کرتے ہوئے علامہ سومرو نے کہا کہ اسرائیلی جارحیت اسرائیل کو مہنگی پڑے گی۔ جمعیت علماء اسلام فلسطینی بھائیوں کی جدوجہدِ آزادی کی مکمل حمایت جاری رکھے گی۔

انہوں نے کہا کہ سندھ معدنیات، تیل، گیس، کوئلہ، ونڈ پاور اور بجلی کے ذخائر سے مالا مال صوبہ ہے، مگر یہاں کے عوام محرومیوں کا شکار ہیں۔ وسائل، زمینیں، گیس اور بجلی تک عوام کی پہنچ سے دور کر دی گئی ہیں۔ روٹی، کپڑا اور مکان کے نعرے دے کر سندھ کے عوام سے جینے کا حق چھینا گیا ہے۔

علامہ سومرو نے کہا کہ جمعیت علماء اسلام کے پلیٹ فارم سے اسلامی نظام کے نفاذ اور عوامی حقوق کی جدوجہد مولانا فضل الرحمن کی قیادت میں اس وقت تک جاری رہے گی جب تک نااہل، نالائق اور کٹھ پتلی حکمرانوں سے عوام کو نجات نہیں ملتی۔

جلسہ عام سے مولانا محمد اسحاق لغاری، حافظ سراج احمد چنہ، مولانا عبدالغفار چاچڑ، مولانا اللہ ڈنو چنہ اور مولانا نعیم اللہ لغاری سمیت دیگر عہدیداران نے بھی خطاب کیا۔

(جاری کردہ: میڈیا سیل، جےیوآئی سندھ)


0/Post a Comment/Comments